ریلائنس جیو نے اچانک سمر سرپرائز آفر کیوں ختم کر دیا، یہ سوال جیو کے
تمام صارفین کے دماغ میں گھوم رہا ہے۔ بتایا گیا کہ جیو نے یہ قدم ٹرائی کی
درخواست پر اٹھایا ہے۔ آئیے جانتے ہیں ٹرائی کے سکریٹری سدھیر گپتا سے کہ
آخر جیو نے یہ آفر کیوں واپس لے لیا۔ انہوں نے سی این بی سی-ٹی وی 18 سے
خاص بات چیت کی۔
سدھیر گپتا نے کہا کہ ایسے تمام جیو صارفین، جنہوں نے 303 روپے یا اس سے
زیادہ کا ریچارج کرا لیا ہے، انہیں یکم جولائی تک اس سمر سرپرائز آفر کا
فائدہ ملتا رہے گا۔ جیو کی طرف سے اس آفر کو واپس لینے کے ایک دن بعد
ٹرائی کی جانب سے پہلی مرتبہ اس کی وجہ بتائی گئی ہے۔
ٹرائی کے سکریٹری نے بتایا کہ جیو کا یہ آفر ٹرائی کے قوانین کے مطابق
نہیں تھا۔ جیو نے سمر سرپرائز آفر کا اعلان 31 مارچ کو کیا تھا۔ اس کے تحت
کمپنی نے ایسے صارفین کو تین ماہ کا اضافی مفت ڈیٹا اور کالنگ کی سہولت
دینے کا اعلان کیا تھا، جنہوں نے 303 روپے یا اس سے زیادہ ریچارج کرایا
ہو۔
سدھیر گپتا کے مطابق ٹرائی نے اس اعلان کے ٹھیک اگلے ہی دن اس پورے پلان کے
بارے میں معلومات مانگی تھیں، اس کے بعد 5 اپریل کو جیو کے حکام کے ساتھ
میٹنگ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرائی کی جانب سے جیو حکام سے پوچھا گیا
کہ کیا سمر سرپرائز آفر بھی ایک پروموشنل آفر ہے ، جیسا کہ ہیپی نیو
ائیرآفر تھا۔ جیو کے حکام نے بتایا کہ یہ ایک خاص فیچر تھا نہ کہ پروموشنل
آفر۔ ٹرائی کے افسر اس دلیل سے متفق نہیں ہوئے، اس کے بعد ہی ان سے یہ
آفر واپس لینے کیلئے کہا گیا اور انہوں نے یہ آفر واپس لے بھی لیا۔
حالانکہ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے تمام جیو صارفین، جنہوں نے پہلے ہی 303
روپے یا اس سے زیادہ کا ریچارج کرواچکے ہیں ، انہیں یہ سہولت یکم جولائی تک
ملتی رہے گی۔
ڈسكلیمر: نیوز 18 اردو نیٹ ورک 18 گروپ کا حصہ ہے۔ نیوز 18 اردو اور دیگر
ڈیجیٹل، پرنٹ اور ٹی وی چینل نیٹ ورک 18 کے تحت آتے ہیں۔ نیٹ ورک 18 کی
ملکیت اور ایڈمنسٹریشن ریلائنس انڈسٹریز کے ہاتھ میں ہے۔